بنگلورو،18؍نومبر(ایس او نیوز) خوفناک انڈر ورلڈ ڈان روی پجاری کو کرناٹک پولیس نے سینگال میں گرفتار کیا تھا۔ روی پجاری فی الحال شہر کے پرپنا اگراہارا سنٹرل جیل میں قید ہے۔ پجاری کے خلاف قتل،اقدام قتل اور لوگوں کو ڈرانے دھمکانے کے کئی معاملے درج ہیں۔ ریاستی پولیس نے ان معاملوں کی تحقیق کے بعد عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ اس دوران ممبئی پولیس نے شہر کی 62 ویں اے سی ایم ایم عدالت میں عرضی داخل کرتے ہوئے روی پجاری کو 10دن دنوں کیلئے ممبئی پولیس کی تحویل میں دینے کی درخواست کی۔ ممبئی پولیس کے مطابق ممبئی میں بلڈر راجو پٹیل کے قتل معاملے میں بھی روی پجاری کا ہاتھ ہے۔ ممبئی پولیس نے عدالت میں عرضی داخل کرتے ہوئے اس معاملے کی تحقیقات کیلئے روی پجاری کو 10دنوں کیلئے ممبئی کے حوالے کرنے کی درخواست کی ہے۔ عدالت نے ممبئی پولیس کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے کرناٹک پولیس کو ہدایت دی ہے کہ روی پجاری کو10دنوں کیلئے ممبئی پولیس کے حوالے کیا جائے۔ ریاستی پولیس کے ذرائع کے مطابق اس معاملے میں قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد روی پجاری کو ممبئی پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔